نئی دہلی،14؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) کورونا ویکسین کی قلت کے سلسلہ میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ایک مرتبہ پھر مودی حکومت پر طنز کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کر کے کہا، ’’جملے ہیں مگر ویکسین نہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے پھر سے پوچھا ہے کہ ویکسین کہاں ہے۔ اس ٹوئٹ میں راہل گاندھی نے ایک خبر کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے۔
کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے ٹوئٹ کے ساتھ جس خبر کا اسکرین شاٹ شیئر کیا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ دہلی سمیت کئی دوسری ریاستوں میں ویکسین کی قلت کے سبب ٹیکہ کاری متاثر ہو گئی ہے۔ خبر کے مطابق ویکسین کی قلت کے سبب متعدد ٹیکہ کاری مراکز کو مجبوراً بند کرنا پڑا ہے۔ وہیں مدھیہ پردیش میں ویکسین کی کمی کی وجہ سے گزشتہ روز کورونا ویکسین کی صرف 38 ہزار خوراکیں ہی لوگوں کو فراہم کی گئیں۔
اس سے قبل راہل گاندھی نے 11 جولائی کو ٹوئٹ کر کے کہا تھا کہ وزرا کی تعداد تو بڑھی ہے لیکن ویکسین کی نہیں! ساتھ ہی انہوں نے پوچھا کہ ویکسین کہاں ہیں۔ اس کے علاوہ راہل گاندھی نے اعداد وشمار پر مبنی ایک گراف بھی شیئر کیا تھا، جس میں ویکسین کی قلت کو واضح کیا گیا تھا۔